وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے وفاقی سطح پربھی الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کرد یئے

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے وفاق کی سطح پربھی الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کرد یئے ہیں، وفاقی وزراء،آئی ایس آئی او ر آئی بی کے ڈائریکٹر جنرلز ،چاروں صوبوں، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکرٹری بھی کمیٹیوں کے رکن ہونگے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی سربراہی میں کالعدم تنظیموں کو کام کرنے سے روکنے،مسلح جتھوں کے خاتمے،اشتعال انگیز مواد کی روک تھام اور انسداد دہشت گردی فورس کے قیام ،افغان مہاجرین کی رجسٹریشن اورواپسی،مدارس اصلاحات ،سوشل میڈیا پر دہشت گردوں کی رسائی روکنے،کراچی آپریشن کی نگرانی،مذہبی استحصال روکنے،پنجاب میں انتہا پسندی کے خاتمے،فرقہ وارایت میں ملوث گروپوں کیخلاف کارروائی کے الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

فاٹا میں ترقیاتی اصلاحات و آئی ڈی پیز کی واپسی کیلئے گورنرخیبرپختونخواہ سردار مہتاب خان عباسی،دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اورمیڈیا پر دہشت گردوں کی تشہیرروکنے کیلئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کی سربراہی میں الگ الگ ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں ۔ فوجداری اصلاحات کیلئے وزیرقانون کی سربراہی میں ورکنگ گروپ بنایاگیاہے۔

ورکنگ گروپس میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء اورسیکرٹریز سمیت سول وعسکری حکام بھی شامل ہونگے۔ وزیرمذہبی امورسرداریوسف اور بلیغ الرحمان مدارس اصلاحات کمیٹی کاحصہ ہونگے اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں پر قابو پانے اوراشتعال انگیز لٹریچر کی روک تھام کیلئے قائم کمیٹی میں ڈی جی آئی بی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شامل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :