وفاقی اردو یونیورسٹی کے تمام سربراہان کلیہ جات کا بیرونی عناصر کی جانب سے اردو یونیورسٹی کے معاملات پر غیر قانونی مداخلت پر اظہار تشویش

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے تمام سربراہان کلیہ جات، ڈینز متفقہ طور پر بیرونی عناصر کی جانب سے اردو یونیورسٹی کے معاملات پر غیر قانونی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ماضی میں بھی یونیورسٹی کے خلاف سازشیں ہوتی رہیں جس کی وجہ سے یونیورسٹی حقیقی معنوں میں انتظامی ،ثقافتی ، سماجی، تحقیقی اور علمی ترقی نہیں کرسکی ان خیالات کا اظہارتمام ڈینز نے ایک اجلاس میں کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈینز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کے ان تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے انہیں تحسین کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں جو یونیورسٹی کے انتظامی تدریسی اور تحقیقی اصلاح کے لئے کئے جارہے ہیں۔تمام ڈینز سینیٹ کے غیر قانونی اجلاس کے انعقاد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں جس سے جامعہ کے اساتذہ طلبہ اور غیر تدریسی عمال میں شدیدبے چینی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

تمام ڈینز رئیس الجامعہ (چانسلر) عالی مرتبت ممنون حسین صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان سے ملتمس ہیں کہ وہ جامعہ اردو کے خلاف غلط پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کے لئے تادیبی کارروائی کے احکامات صادر فرماتے ہوئے یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول ، اساتذہ و طلبہ کو سازشی عناصر سے نجات دلائیں تاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کے دوسالہ دور میں جامعہ نے شفاف عمل کے ذریعہ انتظامی تدریسی اور تحقیقی میدان میں جو ترقی کی ہے اسے جاری و ساری رکھاجاسکے۔

اجلاس میں رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار،رئیس کلیہ نظمیات کاروبار، تجارت ومعاشیات پروفیسر ڈاکٹر مسعود مشکور، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر، رئیس کلیہ مطالعات مذاہب پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، رئیس کلیہ قانون ڈاکٹر رعنا خان، رئیس کلیہ تعلیمات پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ سجاد اور انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر مہ جبین موجود تھے۔