پشاور ،پولیس ، فرنٹیئر کانسٹیبلری ، فرنٹیئر کور ، خاصہ دار فورس ، لیویز فورس سمیت سیکورٹی فورسز سے مشابہت رکھنے والی وردیوں کی فروخت کھلے عام جاری

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:56

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) صوبائی دارلحکومت پشاور میں پولیس ، فرنٹیئر کانسٹیبلری ، فرنٹیئر کور ، خاصہ دار فورس ، لیویز فورس سمیت سیکورٹی فورسز سے مشابہت رکھنے والی وردیوں کی فروخت کھلے عام جاری ہے ۔ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے واقعات کے باوجود اس پر آنکھیں بند کر دی ہیں ۔ صوبائی دارلحکومت پشاور کے افغان کالونی ، فقیر آباد ، عید گاہ روڈ ، پشاور صدر ، بورڈ ، کارخانوں میں سیکورٹی فورسز سے مشابہت رکھنے والی وردیوں کی فروخت کھلے عام جاری ہے ان وردیوں میں سیکورٹی فورسز سے مشابہت رکھنے والے بورڈ ، وردیاں ، اسلحہ کے لئے حفاظتی بیلٹ ، پانی پینے والا سامان ، بیلٹ، عینک ، وغیرہ فروخت کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ کے باوجود بھی یہ وردیاں کھلے عام فروخت ہو رہی ہے تاہم ان کی خرید و فروخت کی روک تھام میں حکومتی ادارے بری طور پر ناکام ہو چکے ہیں کارخانوں مارکیٹ میں نیٹو افواج کے لئے سپلائی کئے جانے والے وردیاں سمیت دیگر حساس اشیاء فروخت ہو رہی ہے پولیس ان دکانداروں سے ماہانہ طور پر بھتہ وصول کرتی ہیں تاہم ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی نیٹو افواج کے لئے لے جائے جانے والے کینٹیرز پر بیشتر اوقات حملے ہو جاتے ہیں اور ان حملوں میں شدت پسند یا دیگر افراد نیٹو افواج کے لئے سپلائی کی جانے وردیاں ، بوٹ دیگر اشیاء چوری کر لیتے ہیں جو کہ بعدازاں کارخانوں مارکیٹ میں کھلے عام فروخت ہوتی ہے تاہم ان کے روک تھام کے لئے کوئی کاروائی نہیں ہوتی ہے ۔