Live Updates

فیصل آباد،تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث تین ملزمان کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا گیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:51

فیصل آباد،تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث تین ملزمان کا ..

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء ) ایڈیشنل اینڈ سیشن جج فیصل آباد نے تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کے قتل میں ملوث تین ملزمان حافظ عرفان ،الیاس طوطی اور عثمان چیھمی کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو آئندہ تین جنوری کو عدالت میں پیش کیاجائے ۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے عمران خان کی فیصل آباد آمد سے قبل ناولٹی پل کے قریب فائرنگ کرکے تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اس مقدمہ میں ملوث دیگر سات ملزمان بھی گرفتار ہوچکے ہیں ۔

اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء کے مطابق اس مقدمہ کی ایف آئی آر میں دیگر ملزمان سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، ان کے داماد رانا شہریار ، ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل ، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے علاوہ تین سو کے لگ بھگ افراد شامل ہیں جبکہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے یوتھ ونگ کے سربراہ فرخ حبیب کی قیادت میں سی پی او فیصل آباد کے دفتر کے باہر دھرنا دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اس مقدمہ میں ملوث سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ڈی سی او فیصل آباد اور دیگر ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ فیصل آباد کی تمام بڑی شہراہوں پر دھرنا دینگے ۔

(جاری ہے)

سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر سہیل تاجک نے احتجاج کرنے والوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اس مقدمہ میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا چنانچہ سی پی او فیصل آباد کی ہدایت پر گزشتہ روز اس قتل اور بلوا میں ملوث مزید چار ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات