ہندو نواز سیاستدان بے اصول اور موقع پرست ہیں‘ سید علی گیلانی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تمام ہند نواز کشمیری سیاستدانوں کو بے اصول اور موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں صرف اقتدار حاصل کرنے کی فکر ہے اور لوگوں کے جینے مرنے کیساتھ ان کی کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی کشمیر کے مستقبل کیساتھ ان کا کوئی لینا دینا ہے۔

حیدر پورہ جامع مسجد میں ربیع الاول کے مہینے کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے تحریک طالبان پاکستان‘ داعش اور بوکو حرام نامی تنظیموں کے طریقہ کار کو غیر اسلامی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ اسلام کے نام پر اسلام کی شبیہہ بگاڑنے کے مجرم بن رہے ہیں اور ان کی کارروائیوں کا کوئی شرعی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسلام نے انسانی جان کی حرمت کو مقدم ٹھہرایا ہے اور قرآن میں ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ پیغمبر اسلام بلاتمیز مذہب و ملت اور رنگ و نسل کے نہ صرف تمام انسانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجے گئے ہیں بلکہ وہ بے زبان جانوروں اور خدا کی ہر مخلوق کے حقوق کی پاسداری کرنے کا درس دیتے ہیں۔ سیرت رسول سے مثالیں پیش کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ آپ نے اپنے خون کے دشمنوں تک کو معاف جکیا ہے اور ان کیساتھ حسن سلوک کا رویہ رواء رکھا ہے۔

جو لوگ اسلام کے نام پر معصوم بچوں کو قتل کرتے ہیں۔ سکول کے بچوں کو اغواء کرتے ہیں اور دوران حراست انسانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں وہ اسلام کی روح سے نابلد ہیں اور وہ اسلام کا پیغام دنیا تک پہنچنے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اسلام امن و آشتی اور رواداری کا دین ہے اور یہ سارے انسانوں کی برابری کی بنیاد پر عدل و انصاف فراہم کرانا چاہتا ہے۔