سیاسی اور فوجی قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر آ چکی ، پاکستان کی جنگ جیتیں گے ‘ شہبازشریف

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کی قیادت میں کینیڈا پاکستان بزنس کونسل اور معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔

حکومت ایک طرف دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے تو دوسری طرف توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور تاریخ کا بدترین واقعہ ہے جس میں سکول کے معصوم بچوں کو سفاک دردندوں نے بربریت کا نشانہ بنایا۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

(جاری ہے)

پوری قوم دہشت گردی کی لعنت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا پانے کیلئے متحد ہو چکی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سیاسی اور فوجی لیڈرشپ بھی دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر آ چکی ہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کا جو شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی اور انشاء اللہ اتحاد کی اسی قوت سے دہشت گردوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفایا کرکے پاکستان کو امن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ آئندہ نسلوں کی بقا کی جنگ ہے جو ہر قیمت پر جیتیں گے کیونکہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے، کینیڈاپاکستان بزنس کونسل پنجاب میں توانائی اور زراعت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ پنجاب اور اونٹیریو کے درمیان تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔

کینیڈا میں موجود پاکستانیوں کو اپنے ملک کا امیج بہتر بنانے کیلئے مزید متحرک اور فعال کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پاکستان کا سب سے منفرد پہلا سولر منصوبہ لگایا جا رہا ہے اور سو میگاواٹ کا یہ منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ کینیڈا کے بزنس مین سولر پارک میں بھی سولر منصوبے لگانے کے حوالے سے تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر، کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران اور کاروباری شخصیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور اور پنجاب کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب آ کر حقیقی معنوں میں ترقی نظر آتی ہے۔ کینیڈاپاکستان بزنس کونسل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو کینیڈا کے صوبے اونٹیریو کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :