گوانتا نا موبے سے آئندہ چھ ماہ میں متعدد قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ

ہفتہ 27 دسمبر 2014 15:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء ) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ گوانتا ناموبے سے مزید چھ قیدیوں کو چند دنوں میں رہا کردیا جائے گا،گوانتا ناموبے میں قیدیوں کی مجموعی تعداد ایک سو بتیس رہ گئی ہے جن میں نائن الیون کے ملزم خالد شیخ سمیت بیس قیدی سکیورٹی رسک ہیں۔امریکی صدر باراک اوباما نے کیوبا میں گوانتا ناموبے نیول بیس پر امریکی فوجی جیل کو بند کرنے کے چھ سالہ عہد کو پورا کرتے ہوئے مزید پانچ قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا جبکہ وہ درجنوں قیدی جو بغیر کسی الزامات کے قید ہیں انہیں بھی آئندہ چھ ماہ میں رہا کر دیا جائے گا۔

گوانتا ناموبے کے باقی قیدیوں کی امریکہ اور دیگر ممالک منتقلی پر اوباما کو کانگریس کی مخالفت کا سامنا ہے۔امریکہ کی کوشش ہے کہ قیدیوں کی ان کے ملک منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس مہینے کے شروع میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یوراگوئے کے چھ قیدیوں کو منتقل کیا گیا تھا مگر 68گرفتار افراد کی منتقلی کا کوئی امکان نہیں جن پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

ان میں حملوں کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سمیت بیس یمنی افراد بھی شامل ہیں۔ وطن واپسی کے لیے اہل 64زیر حراست افراد میں زیادہ تر کا تعلق یمن سے ہے۔گوانتا ناموبے جیل میں دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں 800افراد قید ہیں۔ امریکی صدر کی کوشش ہے کہ اس بدنام زمانہ جیل کو جلد از جلد بند کردیا جائے اس لیے قیدیوں کی تعداد کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔