باغ--میرٹ کی پامالی اورجیالہ نوازی پر عوام سیخ پا ہو گئے‘بیس بگلہ میں احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 27 دسمبر 2014 13:15

باغ‘ بیس بگلہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء)آزاد کشمیر ضلع باغ میں حالیہ قراء حضرات کی آسامیوں پر میرٹ پامال کرنے پر بیس بگلہ‘ چناٹ‘ بھٹی شریف کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت عوام نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا-مظاہرین نے یک زبان ہوکر حکومت آزاد کشمیر کو باور کرایا کہ میرٹ پامال کرنے اور جیالہ نوازی کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا-میرٹ پامال کرنے اور جیالوں کو بھرتی کرنے کے خلاف جامع مسجد بیس بگلہ میں قرارداد پیش کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان غیر قانونی تعیناتیوں کو کینسل کر کے دوبارہ انٹرویو لیے جائیں-مظاہرے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کل اتوار کو باغ پریس کلب میں قراء حضرات کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کر دیا-مظاہرے سے مولاناعبدالکبیر‘ راجہ طارق ایڈووکیٹ‘ مولانا عبدالمقیط‘ مولانا خالد‘ عمیر حیدر‘راجہ اعظم خان‘ عبدالقدیر خان‘ ظہیر صادق‘قاری جاوید خان‘ اظہر اقبال اور دیگر نے خطاب کیا-مقررین نے کہا کہ قراء حضرات کی ان آسامیوں پرتعیناتیاں برادری ازم کی بنیاد پراور میرٹ کوپامال کر کے کی گئی ہیں جنہیں کسی قیمت برداشت نہیں کیا جائے گا-مقررین نے کہا کہ میرٹ کی پامالی اور برادری ازم کی انتہا ہوگئی ہے کوالیفائی کرنے والے لوگ دیکھتے رہ گئے اور جیالوں کو نواز دیاگیا-مقررین نے کہا کہ ڈی ای او نااہل ترین شخص ہے جو اس سارے معاملے کا ذمہ دار ہے وہ دن کو دفتر بند کر کے راتوں کو جیالوں کے گھر جا کر ان کی نوکری کرتا رہا -مقررین نے (آج) اتوار کو قراء کے ہمراہ پریس کلب باغ میں کانفرنس کا اعلان کر دیا-مقررین نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کو معلوم ہونا چاہئے کہ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی سے غداری کسی کو نہیں کرنے دی جائے گی-وزیراعظم آزاد کشمیر فوری طور پر میرٹ کی پامالی اور جیالہ نوازی کا نوٹس لیں ورنہ تمام ترصورتحال کی ذمہ دار حکومت ہو گی- بعد ازاں عمیر حیدر نے وزیر تعلیم ‘ سیکرٹری تعلیم کو ہارٹ لائن پر کال کر کے صورتحال سے آگاہ کیا-قراء حضرات میرٹ پامال کرنے کے خلاف کل اتوار کو باغ پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گے-