قومی لائحہ عمل اجلاس، پہلا ترمیمی مسودہ وزیراعظم کو پیش کر دیا گیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 11:08

قومی لائحہ عمل اجلاس، پہلا ترمیمی مسودہ وزیراعظم کو پیش کر دیا گیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی لائحہ عمل اجلاس میں آئین و قانون میں ترامیم کا پہلا مسودہ وزیر اعظم کو پیش کر دیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال، سیاسی و قانونی مشیر خواجہ ظہیر، بیرسٹر ظفراللہ اور اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ شریک ہیں۔

اجلاس میں اے پی سی میں کیے گئے فیصلوں ، انسداد دہشتگردی قومی ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے مختلف قانونی اور آئینی امور پر اجلاس کو بریفنگ دی ۔ دہشتگردوں کا فوری طور پر ٹرائل کرنے سے متعلق آئین و قانون میں ترامیم کا پہلا قانونی مسودہ وزیر اعظم کو پیش کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے مسودے پر دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا اجلاس اکتیس دسمبر بروز بدھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نیکٹا ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر داخلہ چودھری نثار کرینگے ۔ اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف حکمت عملی پر غور کیا جائیگا ۔ دو ہزار تیرہ سے نیکٹا کا ادارہ غیر فعال ہے ، وزیر اعظم نواز شریف نے نیکٹا کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :