وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،900میگاواٹ سولر منصوبوں پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق،

توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے ‘شہبازشریف، قائداعظم سولر پارک میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، سولرپاور پراجیکٹ کی تیز رفتاری کی تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے‘وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہواجس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سولر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں 900میگاواٹ سولر منصوبوں پرتیزرفتاری سے پیش رفت کرنے پر اتفاق ہوا۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، چینی کمپنی زونرجی کے عہدیداران کے علاوہ چیئرمین نیپرا،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پانی و توانائی،منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ، ایم ڈی پی بی آئی بی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اے ای ڈی بی ، معاون خصوصی عزم الحق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے صنعت ،زراعت ، تعلیم ،صحت اورزندگی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

توانائی کی کمی کے مسئلے پر جلد قابو پانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگاواٹ سولر پاور کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے100میگاواٹ سولر پاور کا منصوبہ لگایا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 900میگاواٹ سولر کے منصوبے کیلئے چین کی کمپنی سرمایہ کاری کررہی ہے۔سولر پاور پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وقت ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں کو محنت،عزم اوردیانتداری سے کام کرتے ہوئے مکمل کرنا ہے ۔کام کرنے کاعزم اورعوام کی خدمت کا جذبہ ہو تو راستے خودبخود نکل آتے ہیں ۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سولر پاور پراجیکٹ فاسٹ ٹریک پر منظور شدہ منصوبہ ہے ،تیزی سے تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :