چالیس ہندو یاتریوں پر مشتمل گروپ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا،

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چےئرمین صدیق الفاروق نے ہندو یاتریوں کا استقبال کیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء ) ہندووں کے مذہبی پیشوا سوامی شادارام کے 306 ویں یوم پیدائش کے موقع پر تقریبات میں شرکت کے لیے چالیس ہندو یاتریوں پر مشتمل گروپ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا ۔ یاتری شادنی دربار حیات پتافی میر پور ماتھیلو سندھ میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔واہگہ بارڈر پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چےئرمین صدیق الفاروق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر نزیر سلہری نے ہندو یاتریوں کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چےئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ہندو ہوں یا سکھ یاتری جب بھی پاکستان آتے ہیں اُن کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ ہندو یاتری اپنی مذہبی عبادت گاہوں کی تزئین وآرائش کے لیے جو بھی تجاویز دیں گے اُن پر عمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدیق الفاروق نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا مستقبل تاریک ہے جلد پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے گا۔

ہندو گروپ لیڈر سنت یوجسٹر لال نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کے لیے محبت ، امن اور دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور پاکستانی عوام سے بھی اسی پیغام کی اُمید رکھتے ہیں پاکستان اور بھارت کے عوام جتنا قریب ہونگے دونوں ممالک کے مسائل اُتنے ہی زیادہ حل ہونگے انہوں نے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی انتظامیہ کی طرف سے اُن کی آمد کے موقعہ پر اتنے اچھے انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ہندویاتری دس روز تک اپنی مذہبی عبادت گاہوں میں مذہبی رسومات ادا کریں گے اور 6جنوری2015کو واپس بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :