کارکن بے نظیربھٹو شہید کے نقش قدم پر عمل پیر ا ہونے کا عزم کریں، سردار ملک اسد سکندر خان،

پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام، غربت اور جہالت کے خاتمہ اور انتہاپسندی اور عسکریت پسندی کو مکمل شکست دینے کی راہ پر گامزن رہے گی،رکن قومی اسمبلی پیپلز پارٹی

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر خان نے کہا ہے کہ کارکن بے نظیربھٹو شہید کے نقش قدم پر عمل پیر ا ہونے کا عزم کریں  پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام، غربت اور جہالت کے خاتمہ اور انتہاپسندی اور عسکریت پسندی کو مکمل شکست دینے کی راہ پر گامزن رہے گی۔ شہید رانی عوام اور جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتویں یومِ شہادت پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جن اقدار کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو جدوجہد کرتی رہیں اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ان پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کریں۔ہم محترمہ بینظیر بھٹو اور ان تمام ساتھیوں کو جنہوں نے ان کے ساتھ جامِ شہادت نوش کیا، خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہید محترمہ غریبوں اور مسکینوں اور معاشرے کے کچلے ہوئے لوگوں کو غربت اور جہالت سے آزادی دلانے، خواتین کے حقوق اور عسکریت پسند اور انتہا پسند ذہنیت کیخلاف جدوجہد کر رہی تھیں۔

انہوں نے اپنی شہادت سے قبل آخری تقریر کرتے ہوئے عوام کو انتہا پسندی، مطلق العنانی کے خلاف کھڑے ہونے اور غربت و جہالت کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیا تھا۔ ان کا یہ پیغام پاکستان کو جدید اور ہمہ جہت ملک بنانے کا واضح روڈمیپ ہے اور آج ہم اس روڈ میپ" پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام، غربت اور جہالت کے خاتمہ اور انتہاپسندی اور عسکریت پسندی کو مکمل شکست دینے کی راہ پر گامزن رہے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کی مدد سے اپنا سفر جاری رکھے گی اور مزید طاقتور ہوتی جائے گی۔ رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر نے ان لوگوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے جمہوری جدوجہد اور عسکریت پسندوں سے جنگ میں عظیم قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید رانی نے غریب عوام کی خدمت کی تھی اور ان کیلئے جدو جہد کرتے ہوئے شہاد ت پائی ،ان کی خدمات کو صدیوں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو عالمی سیاست کا شعور رکھتی تھی اور انہوں نے 30سالوں تک مسکین و مستحق عوام کیلئے بے انتہا قربانی دی اور جدو جہد کی ۔