جناح ہسپتال کے ملازمین کے مطالبات منظورکئے جائیں ، الاوٴنسزسمیت تمام واجبات اداکئے جائیں،رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ،

حکومت سندھ جناح ہسپتال ، ملازمین کے مسائل پر کسی قسم کی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے ہسپتال کی کارکردگی دن بدن متاثرہورہی ہے ، صوبائی حکومت جناح ہسپتال کی حالت پر توجہ نہیں دے سکتی تو وفاقی حکومت کے حوالے کردے، رابطہ کمیٹی

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ جناح اسپتال کے ملازمین کے مطالبات منظورکئے جائیں اورانہیں انکے الاوٴنسزسمیت تمام واجبات اداکئے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جناح اسپتال وفاق کے تحت چلنے والا کراچی کاایک سب سے بڑااورمرکزی اسپتال ہے جسے 18ویں ترمیم کے تحت صوبہ سندھ کی تحویل میں دیدیاگیاہے ، صوبائی حکومت نے جناح اسپتال کوتحویل میں تولے لیاہے لیکن اسپتال اوراس کے ملازمین کے مسائل پر کسی قسم کی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے اس کی کارکردگی دن بدن متاثرہورہی ہے ۔

ملازمین کے الاوٴنسز اوردیگرواجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے اوران ملازمین کی کوئی سننے والانہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اس افسوسناک صورتحال کے باعث آج جناح اسپتال کے پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگرملازمین سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبورہوگئے ہیں جس سے مریضوں کاعلاج معالجہ بھی متاثرہورہاہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگرصوبائی حکومت جناح اسپتال کی حالت پر توجہ نہیں دے سکتی اوراسے سنبھال نہیں سکتی تواسے چاہیے کہ وہ اسپتال کوواپس وفاقی حکومت کے حوالے کردے۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ جناح اسپتال کی صورتحال پر فوری توجہ دی جائے، اسپتال کے ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں اوران کے تمام الاوٴنسزاورتمام واجبات اداکئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :