سانحہ پشاور کے کرداروں کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، مفتی وسیم ضیائی،

سکولوں میں پرائیویٹ سیکورٹی نظام کو لازم قرار دیا جائے ، برکاتی فاؤنڈیشن ، احتجاجی ریلی سے مولانا رضوان ، مولانا عبدالعلیم ، قاری انوری ، فرید قادری کا خطاب

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کر کے سر عام پھانسیاں دی جائیں۔ قانون کی عمل داری قائم کرتے ہوئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دینا چاہیے ملک میں امن کی خاطر آخری حد تک جانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے اس کے لئے عارضی طور پر فوجی عدالتوں کا قیام ہو یا دہشت گردوں کی نرسریاں جہاں ذہنی طور پر برین واش کر کے اور جسمانی ٹریننگ دے کر ملک کے غیر مستحکم کرنے کا عمل ہوتا ہے ان کو نیست و نابود کر دیا جائے اور ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھی جائے ۔

مادر وطن کے عظیم سپوت جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اختر کی کوششوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنکی جرات مندانہ پالیسی سے ملک و قوم کو نیا حوصلہ ملا اس موقع پر پاکستان کی غیور عوام اپنی فورسز کی عظیم قربانیوں کی بھی خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کیا اور انشاء اللہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی امن کی کرنیں جلد پاک دھرتی کو اپنی آغوش میں لے لے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار برکاتی فاؤنڈیشن کے ناظم اعلیٰ رونق اہلسنت مفتی وسیم ضیائی نے بابر مارکیٹ میں سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے علماء مشائخ اہلسنت سے اپیل کی کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پروگرامات میں پاک فوج کے سپہ سالاروں ، شہیدوں ، زخمیوں، غمزدہ والدین اور دیگر ورثاء کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

مفتی وسیم ضیائی نے مزید کہا کہ عمران خان نے دھرنا ختم کر کے اور دیگر تمام سیاسی جماعتوں کا ایک صفے پر جمع ہونا گھٹن کے ماحول میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے ۔احتجاجی ریلی سے ضلعی نگران مولانا اقبال قادری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا جن بے قابو ہے ۔ مگر ہزاروں اہل وطن نے بے دریغ قربانی دیکر یہ ثابت کیا کہ ہمارے حوصلے ہمالیہ کی چوٹی کی طرح بلند ہیں اور ڈٹ کر ملک دشمنوں کا مقابلہ کریں گے۔

اس موقع پر مرکزی رابطہ سیکریٹری قاری انور ہجویری نے اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام اسکولوں میں سیکورٹی سسٹم کو لازم قرار دیا جائے۔ ریلی میں ضلعی ناظم مولانا عبدالعلیم قادری، مولانا فرید قادری، مولانا عبداللہ کامل، مرشد عالم، مفتی نثار نقشبندی قاری ممتاز ، محمد افتخار ، محمد اعجاز و دیگر بھی موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :