جامشورو کے رہائشی طالبعلم کی طرف سے امتحان میں بیٹھنے پر دو سال کی پابندی کے خلاف درخواست پر 22جنوری کے نوٹس جاری

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء)سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد نے جامشورو کے رہائشی طالبعلم سجاد علی ملاح کی طرف سے امتحان میں بیٹھنے پر دو سال کی پابندی کے خلاف درخواست پر 22جنوری کے نوٹس جاری کرکے صوبائی سیکریٹری تعلیم ،چیئر مین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ،کنٹرولر امتحانات اوردیگر سے جواب طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

سجاد علی ملاح نے ان افسران کو فریق بناتے ہوئے عدالت عالیہ میں آئینی درخواست دائر کی تھی کہ وہ دسویں جماعت کا سائنس گروپ کا طالبعلم ہے کنٹرولر امتحانات نے اس پر نقل کرنے کا الزام لگا کر اس کے حل کئے ہوئے تمام پر چے کینسل کردیئے اور اس پر 2سال تک امتحانات میں بیٹھنے کی پابندی بھی لگادی ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے، انہوں نے کہا کہ کنٹرولر امتحانات اسی طرح کے بے بنیاد الزامات لگا کر متعدد طلباء کا قیمتی سال ضائع کرکے اپنے منظور نظر طلباء کو پاس کررہا ہے عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ درخواست گزار کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے۔