گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو 12 سال مکمل ہونے پر قائد ایم کیوایم الطاف حسین کی مبارکباد،

ڈاکٹرعشرت العباد ، پاکستان کے پہلے، براعظم ایشیا کے دوسرے اور دنیا بھر میں تیسرے گورنر ہیں جو طویل عرصہ تک گورنر کے منصب پر فائز ہیں، الطاف حسین

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:06

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو بطورگورنرسندھ کے12 سال مکمل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹرعشرت العباد ، پاکستان کے پہلے، براعظم ایشیا کے دوسرے اور دنیا بھر میں تیسرے گورنر ہیں جو طویل عرصہ تک گورنر کے منصب پر فائز ہیں ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مسلسل 12 سال تک گورنرکے منصب پر رہتے ہوئے سب سے زیادہ عوامی مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی حتی المقدور کوششیں کیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ گورنر سندھ نے صوبے کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے فروغ اور ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے محنت ولگن سے کام کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے جس پر میں انہیں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو صحت وتندرستی عطا فرمائے اور انہیں اسی طرح اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے ادا کرنے کی توفیق دے۔