پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچوں اور خواتین سمیت17 افراد جاں بحق ،درجنوں زخمی،

بعض حادثات دھند کے باعث پیش آئے ،ایبٹ آباد میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے چار مسافر جاں بحق ،چھ زخمی ہو گئے ، اورکزئی ایجنسی میں سرامیلہ میں مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں 8مسافر جاں بحق ،8زخمی ہو گئے،ستیانہ روڈ پر دھند کے باعث 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر ہونے سے 2 افراد جاں بحق ، ظفروال درمان روڈ پر مسافر بس الٹنے سے بیس ‘چنیوٹ فیصل آباد روڈ پر دھند کے باعث تین گاڑیاں ٹکرانے سے چھ زخمی ہو گئے، پنڈی بھٹیاں میں دو حادثات میں ایک شخص جاں بحق ،تین زخمی ،حافظ آباد روڈ پر ٹرک سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار جاں بحق

جمعہ 26 دسمبر 2014 20:37

پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچوں ..

ایبٹ آباد/فیصل آباد/ظفر وال /حافظ آباد/اورکزئی ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچوں اور خواتین سمیت17 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے ،بعض حادثات دھند کے باعث پیش آئے ،ایبٹ آباد میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے چار مسافر جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے جبکہ ہنگو کے علاقہ سرامیلہ میں مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں 8مسافر جاں بحق جبکہ 8زخمی ہو گئے ۔

بتایا گیا ہے کہ حویلیاں جانے والی مسافر بس لورا کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گرنے سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کے اہلکاروں موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے لاشوں اورزخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق مسافر جبری سے حویلیاں جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی ۔اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ جانے والی مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں دو بچوں اور خاتون سمیت 8مسافر جاں بحق جبکہ 8زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ جانے والی مسافر کوچ سرہ میلہ کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 12 افراد جاں بحق اور8 افراد زخمی ہوگئے جن میں 3 خواتین اور بچہ بھی شامل ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو کوہاٹ ہسپتال منتقل کردیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔فیصل آباد کے ستیانہ روڈ پر دھند کے باعث 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر ہونے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ظفروال درمان روڈ پر مسافر بس الٹنے سے بیس افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بس لیسر کلاں سے گوجرانوالہ جا رہی تھی۔ جھنگ سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور نواں کوٹ بھکر روڈ پر بس اور ٹرک کے تصادم میں 3 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ چنیوٹ فیصل آباد روڈ پر دھند کے باعث تین گاڑیاں ٹکرانے سے چھ جبکہ پنڈی بھٹیاں میں دو حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ حافظ آباد روڈ پر کوٹ مبارک کے علاقے میں ٹرک سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ گجرات کے علاقے باگو وال میں دھند کے باعث بس کھائی میں گر گئی جس سے بیس افراد زخمی ہوگئے جن کو جلال پور جٹاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دیپالپور میں اوکاڑہ روڈ پر دھند کے باعث ٹرالر موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہو اور ایک زخمی ہوگیا ۔