آقادو جہاں کی سیرت کو اپنائے بغیر کامیابی ممکن نہیں،علامہ راغب حسین نعیمی،

معاشرتی بگاڑ کی بنیادی وجہ نبی کریم کی تعلیمات سے انحراف ہے،ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 26 دسمبر 2014 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء)ممتازعالم دین جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ اور نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے سرپرست علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ آقادوجہاں کی سیرت کو اپنائے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہیں۔معاشرتی بگاڑ کی بنیادی وجہ نبی کریم کی تعلیمات سے انحراف ہے۔آپکااسوہ حسنہ پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔نبی کریم نے اپنے حسن عمل ،سیرت و کردار اور اسوہ حسنہ سے عالم انسانیت کیلئے ایک دائمی اور عملی نمونہ پیش فرمایا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعةالمبارک کے خطبہ میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میانہ روی ،فلاح عامہ،باہمی اخوت ومحبت اورامن وسلامتی سیرت النبی کاپیغام ہے ۔روا داری،احترام انسانیت اورپرامن بقائے باہم کی اسلامی تعلیمات ہر دورکے انسانوں کوامن و سلامتی کی راہ دکھاتی ہے۔

(جاری ہے)

آپ سے سچی اور حقیقی محبت اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ ہم سب آپ کے ارشادات کی روشنی میں اپنی زندگی گزاریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے ۔ملکی امن کاسودا کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ملک میں امن کو تباہ کر نیوالوں کو ہمیشہ کیلئے نشان عبرت بنا دیا جائے۔مساجد اور مدارس کو غلط استعمال کو روکنے کیلئے قومی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ نبی کریم نے جنگ کے دوران غیر مسلموں کے بچوں عورتوں اور بزرگوں کو بھی قتل کرنے سے منع فرمایا ۔ملکی حالات اس بات کے متقاضی ہے کہ ہم تمام تر علاقائی ، لسانی اور مذہبی اختلافات اور تعصبات کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت اور انسانیت کے فروغ کے لئے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں۔