لاہور ہائیکورٹ ، نایاب پرندوں کے شکار پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر وزارت خارجہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو تحریری طور پر جواب داخل کرنے کا حکم

جمعہ 26 دسمبر 2014 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے نایاب پرندوں کے شکار پر پابندی کے لئے دائر درخواست پر وزارت خارجہ،وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو تحریری طور پر جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ کے خلاف کیوں بنائی گئی ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار کاشف سلمانی کے وکیل شہرام سرور نے موقف اختیار کیا کہ سائبیریا سے ہجرت کر کے پاکستان آنے والے پرندوں کو پچیس ہزار روپے کے عوض پکڑ کر شکاریوں کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے عرب شہزادوں کو شکار کے لائسنس جاری کر رکھے ہیں جس سے نایاب پرندوں کی ہبارا نامی نسل معدوم ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں عرفان اکرم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت شکار کے لئے جگہ مخصوص کرنے کی ذمہ دار ہے لائسنس جاری کرنا حکومت پنجاب کا اختیار ہے۔

وزارت خارجہ کے وکیل رضوان احمد نے تفصیلی جواب کے لئے عدالت سے مزید مہلت طلب کر لی۔جس پر عدالت نے وزارت خارجہ ،حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کو تحریری طور پر تفصیلی جواب داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کر دی۔