ڈی سی او بہاولنگر محمد خضر افضال چودھری نے عطائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 16:32

منچن آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء )ڈی سی او بہاولنگر محمد خضر افضال چوہدری نے ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈی سی او بہاولنگر نے کیمسٹ ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر کے عہدیداروں اور نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عطائیت انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے اور ان پڑھ اور جاہل لوگ میڈیکل کے پروفیشن کو عطائیت کے ذریعے ناصرف بدنام کرتے ہیں بلکہ خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ انسانی زندگیوں کے لیے خطرات کا بھی باعث ہیں۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں بالخصوص عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کر کے قانون کے مطابق سخت ترین کاروائی عمل میں لائیں اور ان کے سٹورز کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

تاکہ لوگوں کو عطائی ڈاکٹروں سے نجات مل سکے۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ ان پڑھ فزیشن نیم حکیم خطرہ جان ہے اور دانتوں کے امراض کے علاوہ ہیپاٹائیٹس، جگر کے دیگر امراض اور غیر معیاری انجیکشنز سے خون کی بیماریاں پھیلا رہے ہیں اور ان کا سد باب عوام کا اولین مفاد ہے۔

دریں اثناء ڈی سی ا خضر افضال چوہدری نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ اور بالخصوص بیکریوں پر غیر معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی بیکری ائٹمز کی تیاری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں تمام غیر معیاری بیکریوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور اچانک چھاپے مار کر غیر معیاری سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔