اولیاء عظام کی تعلیمات کو اپنا کر معاشرے کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے‘علامہ گلزار حسین چشتی

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:20

کامونکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء)دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوفیاء کرام کے نظریہ امن و محبت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، اولیاء عظام کی تعلیمات کو اپنا کر معاشرے کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت کامونکے کے ناظم علامہ گلزار حسین چشتی اور ضلعی امیر صاحبزادہ محمد عثمان جلالی نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ،حضرت مجدد الف ثانیاور حضرت امام شاہ احمد رضا خاں فاضل بریلوی کے سالانہ عرس مبارک کے حوالے سے منعقد ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی یاد منانے سے دلوں کو سکون ملتا ہے۔حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری اور حضرت مجدد الف ثانی نے اپنی زندگی میں کفر والحاد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی شمع کو روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور جیسے سانحات اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے صوفیاء کی روشن تعلیمات کو اپنا کر وطن عزیز پاکستان کو امن کا قلعہ بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا شاہ احمد رضا خاں فاضل بریلوی نے لوگوں کے دلوں میں عشق مصطفے کی شمع کو فروزاں کیا۔