دہشت گردی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے،سید قائم علی شاہ،

عدالتوں میں کیسز التواء میں رہنے سے دہشت گرد جیلوں میں مزے لے رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:54

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے ، انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں کیسز التواء میں رہنے سے دہشت گرد جیلوں میں مزے لے رہے ہیں ، خصوصی عدالتوں کے قیام سے متعلق ابھی تفصیلات کا علم نہیں تاہم دہشت گردی کے مقدمات سست رفتاری سے چلنے کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ہیں ،27دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ ضرور ہو گااس حوالے سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔

وہ جمعرات کو گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی7ویں برسی کے انتظامات کاجائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ بلا ول بھٹو اور آصف علی زرداری کے درمیان کوئی اختلافاتا نہیں مخالفین افواہیں پھیلارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شہدی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی میں سابق صدر آصف علی زرداری یا بلاول بھٹو میں سے ایک شخصیت شرکت کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش اور اس سے ملحق علاقوں میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مرکزی جلسہ گاہ سے دور جگہ متعین کی گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں کئی مقدمات کی سماعت زیر التواء ہیں کیسز کی سماعت ملتوی ہونے سے دہشت گرد جیلوں میں مزے لے رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ججز کو بہترین سیکیورٹی دے کر کیسز کی جلد سماعت کرائی جا ئے گی اور سماعت میں تیزی آنے سے دہشت گردی میں بھی کمی آ ئے گی ۔

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مخدوم امین فہیم پارٹی کے صدر ہیں ان کے اختلافات معمولی نوعیت کے ہیں لیکن ان سے کوئی ناراضگی نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی سیاست غریب عوام کے لئے تھی اور پیپلز پارٹی اپنی شہید قائد کے نقش قدم پر چل کر عوام کی خدمت کر رہی ہے ۔