ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے‘میاں محمود الرشید ،

حکمران قوم کو سہانے خواب دکھانے کے بجائے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کریں‘اپوزیشن لیڈ ر پنجاب

جمعرات 25 دسمبر 2014 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے ‘حکمران قوم کو سیاسی دوکانداری چمکانے کیلئے سہانے خواب دکھانے کے بجائے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کریں ‘تحریک انصاف کی سیاست اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست ہے اور ہم ملک کو مضبو ط بنانے اور حقیقی جمہوریت کے ساتھ ساتھ آئین کی حکمرانی کیلئے اپنا ہر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اپنے دفتر میں یوم قائداعظم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ پاکستان کو قائم ہوئے 68سال ہو چکے ہیں مگر بدقسمتی سے ابھی تک یہاں پر نہ تو حقیقی جمہوریت آئی ہے اور نہ ہی ہم قائداعظم کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو قائداعظم کے اصولوں کے مطابق چلانے کیلئے تحریک انصاف کی صورت میں سیاست میں آئے ہیں اور پہلے دن سے لے کر آج تک ان کی سیاست کا محور آئین و انصاف ، قانون کی حکمرانی اور ظلم کا خاتمہ ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے ظلم و ناانصافی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن میں اتحاد و یکجہتی ہوتی ہے اور اگر ہم نے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے اور اسے امن کا گہوارہ بنانا ہے تو اس کیلئے ہمیں بھی اتحاد و یکجہتی کا مظاہر ہ کرنا ہو گا ورنہ پاکستان کے مسائل ختم نہیں ہوں گے بلکہ ان میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے پوری قوم ملک میں امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہو جائے ۔اس مو قع پر او یس لیاقت، چوہدری عظمت ، منصور نومی ، رانا حسام ، عد نا ن ملک ، میا ں شکیل ، طاہر رشید بھٹی ، زاہد وریا ہ، مجا ہد مرزا ، رانا اختر حسین ودیگر بھی مو جو د تھے ۔

متعلقہ عنوان :