شہر قائد میں نیو ایئرنائٹ کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کو مراسلہ بھجوا دیا گیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 19:47

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) شہر قائد میں نیو ایئرنائٹ کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو بھجوائے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ نیو ائرنائٹ کے موقع پر شہر میں 31 دسمبرسے یکم جنوری کی صبح تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، فائرنگ اور پٹاخوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی جائے جب کہ نیو ایرنائٹ کے موقع پر منچلوں کی دھما چوکڑی روکنے کے لئے پولیس کی جانب سے بغیر سائلنسر اور ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے گا اور ساحل سمندر جانے والے تمام راستے بھی بند کردیئے جائیں گے۔

دوسری جانب کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے باعث نئے سال کی تقریبات اور جشن کی اجازت نہیں دی جاسکتی جس کی وجہ سے ہوٹل اور دیگر مقامات پر بھی تمام تقریبات منسوخ کرکے ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ اس سے متعلق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :