بانی پاکستان کا139واں یوم ولادت جموں وکشمیر میں انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) بانی پاکستان محمد علی جناح کا 139واں یوم ولادت پاکستان بھر کی طرح ریاست جموں و کشمیر میں بھی انتہائی عقیدت و احترام، نظریاتی جوش خروش اور اس تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا کہ خوشحال جمہوری پاکستان ہی جدوجہد آزادی کا نشان منزل ہے، بانی پاکستان کو یوم ولادت کی مرکزی تقریب ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں منعقد کی گئی جس میں بانی پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ تقریب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید، چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب اعوان، ایڈمنسٹریٹر مبارک حیدر، پیپلزکانفرنس کے رہنما مشتاق الاسلام، مشیر قلب عباس، چاچا مہر بخش، ایل بی فاروقی، بنی شاہ انقلابی، کلیم، ملک ندیم، راجہ پرواز، نزاکت عباسی، محسن سواتی، خرم و دیگر نے خطاب کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ پیپلزپارٹی قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ سیاست کے مطابق ملکی و قومی مفاد کیلئے ہمیشہ ہی اپنا لیڈنگ کردار ادا کرتی رہی ہے قائداعظم محمد علی جناح نے پرامن جدوجہد اور اپنی قائدانہ خداداد صلاحیتوں کے ذریعہ مسلمانوں کو غلامی کے طوق سے آزادی کی نعمت سے مالامال کیا اور آج پاکستان دنیا کے نقشے پر نہ صرف عالم اسلام کا مضبوط مرکز ہے بلکہ دہشت اور وہشت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیئے فرنٹ لائن کی فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان نے بلارنگ و نسل مذہبی منافرت، سیاسی دنگل، صوبائی اور لسانی تعصب سے بالا تر ہو کر پاکستانیت اور انسانیت کے جذبوں کو فروغ دے کر امن ، آتشی، صبر، برداشت اور وضع داری کا درس دیا تھا جس کو آج ہم من حیث القوم فراموش کر کے تنزلی کا شکار ہو چکے ہیں جس طرح قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے ارشادات و فرمودات کے مطابق قوم کو متحد و منظم کیا آج اسی علم کو لے کر پیپلزپارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن فریال تالپور، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید قومی مفاد کے لیئے قومی مفاہمت کی پالیسیوں کے لیئے عمل پیرا ہیں، شوکت جاوید نے کہا کہ اللہ کی ذات نے موقع دیا تو آئندہ سال پورے آزادکشمیر میں ہفتہ قائداعظم محمد علی جناح سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور سرکاری، غیر سرکاری تعلیمی اداروں سمیت تمام محکمہ جات میں قومی تقریبات کا انعقاد کروائیں گے اور افکار قائد کی ترویج کے لیئے منفرد کردار ادا کرنے والی مختلف شخصیات کو میڈلزدیئے جائیں گے جو نظریہ استحکام پاکستان کی حقیقی خدمت کا عملی مظاہرہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :