سُنی تحریک ماہ ربیع الاوّل کو ملک گیر ”ماہِ امن“کے طورپر منائیگی

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاوّل کو ملک گیر ”ماہِ امن“کے طورپر منائیں گے۔ سُنی تحریک کے تحت ملک بھر میں میلاد مصطفی کانفرنسز ، محافل نعت،مشعل بردار جلوس اورسیرت النّبیﷺکے موضوع پر سیمینارز منعقد کیے جائیں گے اور گھروں پر چراغاں اور بازاروں کو سجایاجائے گا۔

مرکزاہلسنّت سے جاری کردہ بیان میں ثروت اعجازقادری نے کہا کہ عیدمیلادالنبی پوری انسانیت کیلئے امن اوررحمت کا پیغام ہے۔قوم ما ہ ربیع الاول میں مذ ہبی رواداری اوراحترام ِانسا نیت کے جذ بے کو فر وغ دے۔سکیورٹی خدشات کے نام پر کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔حکومت عیدمیلادلنبی کے جلسے جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے ۔

(جاری ہے)

سُنی تحریک نے مرکزاہلسنّت پر مرکزی میلادسیل جبکہ ملک کے تما م اضلاع میں زونل میلاد سیل قائم کردیے گئے ہیں۔سُنی تحریک کے رضا کا ر جلسے جلسو ں کے حفاظتی امور انجام دیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت ماہِ ربیع النور کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قراردیکرتمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام کرے۔عیدمیلاد النّبیﷺ کے ہر جلسے اور جلوس میں شہدائے عیدمیلادالنبی ﷺ اورشہدائے پشاورسمیت تمام قومی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ اہلسنّت کے علماء و مشائخ نے ہمیشہ قیام امن اور روا داری کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے اورآئندہ بھی ملکی امن وامان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا راستہ روکیں گے۔