قومی قیادت کے اتفاق رائے سے کئے جانیوالے فیصلوں سے دہشت گردی کی لعنت ہمیشہ کیلئے ختم ہوگی ‘ محمد شہبازشریف

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی قیادت کی جانب سے اتفاق رائے سے کئے جانے والے جراتمندانہ فیصلوں سے پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت ہمیشہ کے لئے ختم ہوگی ،قومی اتحاد اور یکجہتی کی قوت کے ذریعے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کوایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ رہتی دنیا یاد رکھے گی - دہشت گردی کیخلا ف جنگ میں پوری قوم متحد ہے او رباہمی مشاور ت اور اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے بہترین نتائج نکلیں گے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وطن عزیز کو دہشت گردی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلاکر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے او راسے صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں اورکارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-انہوں نے کہاکہ پاکستان تاریخ کے نازک اور کٹھن موڑ پر ہے۔ دہشت گردی نے وطن عز یز کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 40ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں جبکہ قومی معیشت ،تجارت، برآمدات اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اتحاداور اتفاق کی قوت سے پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا نام ونشان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے مٹا دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے ایک تاریخی اقدام ہے اورسیاسی ،مذہبی او رفوجی قیادت دہشت گرد وں کا نام ونشان مٹانے کے لئے متحدہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمے کا وقت آگیاہے اور پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کا یوم حساب آن پہنچاہے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور سے ہر پاکستانی کا دل غم سے بوجھل اورروح زخمی ہے۔ دہشت گردوں نے قوم کے مستقبل پر حملہ کر کے پوری قوم کو رنجیدہ کیاہے۔ پشاور کے آرمی پبلک سکول کے بچوں پر حملہ ،معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت دنیا کی تاریخ کا دہشت گردی کا بدترین اور المناک واقعہ ہے۔

والدین کے لخت جگر چھیننے والے دہشت گرد سفاک درندے ہیں اور ماؤں کی گودیں اجاڑنے والے عبرتناک سزاکے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مثالی اتحاد اور پوری قوم کا اکٹھے ہوجانا اس بات کی دلیل ہے کہ دھرتی سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی گھڑی آن پہنچی ہے۔انشاء الله پاکستان سے ہمیشہ کے لئے دہشت گردی کی لعنت ختم ہوگی اور ملک ایک بار پھر امن وسلامتی کا گہوارہ بنے گا۔

انہوں نے کہاکہ معصوم بچوں کے بہنے والے خون نے اگرچہ پوری قوم کو سوگوار کیاہے تاہم قومی قیادت کا دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینے کا فیصلہ بھی لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ شہداء کاخون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے بھی اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پشاور میں جام شہادت نوش کرنے والے معصوم بچوں ، اساتذہ، اہلکاروں، فوجی افسروں او رجوانوں کے خون سے پاکستان میں قاتل دہشت گردوں کے خلاف اتحاداور اتفاق کی نئی صبح طلوع ہوئی ہے اوراب پاکستان سے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو کر رہے گا-انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقا ،پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے اورہمیں یہ جنگ ہر صورت جیتنا ہے۔