بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے کینیڈا میں ملنے والا ایوارڈ سانحہ پشاور کے بچوں کے نام کردیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:24

کینیڈا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے کینیڈا میں ملنے والا ایوارڈ سانحہ پشاور کے بچوں کے نام کردیا‘کینیڈا میں ہونے والی ایک پرتپاک تقریب میں محترمہ فرزانہ راجہ کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ فرزانہ راجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک سے غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ کے اعزاز میں کینیڈا میں عشائیہ دیا گیا جس کا اہتمام کینیڈا کی ایک غیر سرکاری تنظیم ”سیڈ اینڈ فیڈ کینیڈا“ نے کیا تھا۔ اس اہم تقریب میں فرزانہ راجہ کی سماجی کاموں میں کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کی خدمات کے پیش نظر ان کو شیلڈ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

فرزانہ راجہ سابقہ حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کی اہم لیڈر ہونے کے علاوہ ملک میں سماجی شعبے میں اہم خدمات سرانجام دینے والی شخصیت بھی ہیں۔

فرزانہ راجہ نے ملک سے غربت کے خاتمے‘ عورتوں کو بااختیار بنانے اور انسانی ہمدردی کے شعبے میں کام کیا ہے اور ان کی خدمات کو ہر شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ افراد نے سراہا ہے۔ پروگرام کے مطابق فرزانہ راجہ کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں پرتعیش عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن سانحہ پشاور کے بعد فرزانہ راجہ کے اصرار پر اس پروگرام کو محدود کردیا گیا تھا۔

پروگرام محدود کرنے کے باوجود اس عشائیہ میں دنیا کے ممتاز ڈونرز نے شرکت کی اور فرزانہ راجہ پر زور دیا کہ وہ ملک سے غربت کے خاتمے اور سماجی کاموں میں اپنی خدمات جاری رکھیں۔ فرزانہ راجہ نے کہا کہ غربت کے خاتمے سے ہی پاکستان میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ تقریب میں پشاور واقعہ کی مناسبت سے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ ایس ایف سی کی طرف سے فرزانہ راجہ نے شیلڈ سروش رضوی کو دی جس کا ادارہ یوگینڈا میں خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم ہے۔

متعلقہ عنوان :