ہندوستان کے مسلمانوں کی آزادی کا علم بلند کر کے ایک آزاد ریاست کا حصول معجزے سے کم نہیں تھا،علی اکبر گجر

جمعرات 25 دسمبر 2014 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 138 ویں یوم پیدائش پر منعقدہ ایک تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں کی آزادی کا علم بلند کر کے ایک آزاد ریاست کا حصول معجزے سے کم نہیں تھا․اسلامی مساوات، عدل اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے پیغمبر آخرالزماں کے فرمودات سے رہنمائی لینے والے بابائے قوم رہتی دنیا تک ہر پاکستانی کے دل و دماغ پر حکمرانی کرتے رہیں گے․ برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے اپنی ذات کی قربانی دینے والے بابائے قوم برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں امر ہوچکے ہیں․ برصغیر کے مسلمانوں کو انگریزوں اور ہندوؤں کی غلامی سے نجات دلانے کئے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کی قربانیاں اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے لئے رہتی دنیا تک مشعل راہ کا کام کرتی رہیں گی․ اسلامی نظریاتی مملکت کا قیام قائد اعظم کا برصغیر کے مسلمانوں پر احسان عظیم ہے․ قائد اعظم کی شخصیت ہی مسلمانوں کی آزادی کی حقیقی ہیرو ہے․ لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کو ایک آزاد ریاست کی شکل میں ڈھالنے کے لئے قائد اعظم کا مجاہدانہ کردار تاریخ میں امر ہو چکا ہے․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی تاریخی جدوجہد قائد اعظم کے ورثے کو ناقابل تسخیر اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ضر ور کامیاب ہوگی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر نے گجر اپنے دفتر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دور حاضر کے سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کی جمہوری جدوجہد ایک رہنمائی کا اہم ترین ذریعہ ہے․ بابائے قوم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد خطہ وطن کے حصول کے لئے انگریزوں اور ہندوؤں کی ہر پیشکش ٹھکرائی اور ہر قسم کے دباؤ کا سامناکر کے دنیا کے سامنے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کا مقدمہ پیش کیا ․ پاکستان کی آزادی میں بلا شبہ قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھیوں اور مسلم لیگ کے اکابرین کا کردار بھی تاریخ کا اہم ترین باب ہے لیکن قائد اعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل شخصیت کی قیادت ہی آزادی کا اصل محرک تھی ․ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما علی اکبر گجر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے علم فہم و فراست کی وجہ سے ہندوستان میں غلاموں کی سی زندگی بسر کرنے والے مسلمانوں کو آزاد قوم کی حیثیت حاصل ہوئی․ قائد اعظم نے اپنی ذاتی زندگی، اپنے خاندان اور مالی مفادات کی قربانی دے کر دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست کی آزادی کی جنگ لڑی اور ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں کو ایک الگ قوم کی شناخت دی․ پاکستان آج تاریخ کیے جس نازک دوراہے پہنچا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ قائد اعظم کے افکار اور ان کی تعلیمات سے دوری ہے․ ماضی کی آمرانہ اور جمہوری حکومتوں نے بابائے قوم کی جدوجہد سے سبق سیکھنے کی بجائے ذاتی ایجنڈے اپنائے جس کی وجہ سے قائد اعظم کا پاکستان دولخت ہوا اور بدستور کمزور ہوتا چلا گیا․ قوم کی لسانی ، مسلکی اور علاقائی تقسیم کی واحد وجہ بابائے قوم کے بتائے ہوئے راستے سے انحراف ہے لیکن پاکستانی قوم کی خوش قسمتی ہے کہ بابائے قوم کے حقیقی جانشین کا یوم پیدائش بھی آج ہی کا دن ہے جو اس بات کی امید بن کر ہر سال سامنے آتا ہے کہ جب تک قائد اعظم کی امانت ان کے حقیقی جانشین وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ہاتھوں میں ہے پاکستان ہر گذرتے دن کے ساتھ ترقی، خوشحالی اور امن کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور کارکنان بابائے قوم کی امانت مملکت پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنی جانوں کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے․ بابائے قائد اعظم محمد علی جناح اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے یوم پیدائش کے سے اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے لئے آج کا دن دوہری خوشی کا دن ہے ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے آج کے دن اس عہد کو دہراتی ہے کہ ہم قائد کے پاکستان کو ان کے خوابوں کی حقیقی تعبیر دینے میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے․