پاکستان جس مشکل کا شکار ہے اس سے نمٹنے کے لئے بابائے قوم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر چلنا ہوگا ۔گورنرسندھ

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے فوج کو عوام کے اتحاد کی ضرورت ہے۔پاکستان جس مشکل کا شکار ہے اس سے نمٹنے کے لئے بابائے قوم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر چلنا ہوگا جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم کے 138 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار پر حاضری دینے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہاکہ قائد اعظم کے فرمان پرعمل کرکے ہم تمام چیلنجزکا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ آج قائد کے یوم پیدائش کے موقع پرمزار پر آنے کا مقصد جس طرح انہوں نے آزادی کے مقاصد کے لئے جدوجہد کی تھی ان کے وژن کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہسانحہ پشاور میں پوری قوم کو جھنجھوڑ دیا اب قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا ملک میں خاتمہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دنیا میں کوئی بھی جنگ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی جب افواج کے پیچھے قوم نہ ہو ۔ دہشت گردی کیخلاف پوری قوم یکجا ہے۔ پوری قوم کا عزم ہے کہ پاکستان کو پرامن سرزمین بنائیں گے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہنی چاہیے،ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔بعد ازاں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے باعث مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا تہوار سادگی سے منایا جارہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیشت گردی کے خلاف ملک میں آباد تمام لسانی اور مذہبی اکائیاں متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصولوں ایمان ، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہی تمام مقاصد کے حصول کا اصل راستہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :