سانحہ پشاور کی مذمت اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے کل کے دن کو ”یوم امن “ کے طور پر منایا جائیگا‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:45

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام کل جمعہ کو ملک بھر میں سانحہ پشاور کی مذمت اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ”یوم امن “ منایا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل کے شعبہ وفاق المساجد پاکستان کے تحت 73000 سے زائد مساجد میں دہشتگردی کی مذمت اور سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی مصالحتی کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، حافظ محمد امجد ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، پادری عموئیل کھو کھر ، سردار بشن سنگھ ، اور دیگر مذاہب اور مسالک کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ۔ دین اسلام غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے اور کسی کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی سوچ اور فکر کو دوسروں پر مسلط کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور اس کی ذیلی تنظیمیں ملک میں امن و امان کے قیام ، بین المسالک اور بین المذاہب مکالمہ کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔پاکستان علماء کونسل کے سیکرٹریجنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام ، بین المسالک و بین المذاہب رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 30 دسمبر کو لاہور میں ہونے والی ”پیغام اسلاف کانفرنس“پیغام عزم نو لے کر آئے گی۔

متعلقہ عنوان :