کشمیری عوام بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کیخلاف متحد ہو جائیں، سید علی گیلانی

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کشمیر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کیخلاف متحد ہو جائیں۔ ایک انٹرویو میں سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا حق خود ارادیت کیلئے جہاد اور بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کیخلاف متحد ہونے کا وقت آگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلی کٹھ پتلی حکومت کے آنے سے بھی مسئلہ کشمیر پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ عمر عبداللہ 6سال کیلئے منتخب ہوئے مگر مقبوضہ علاقوں سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کو منسوخ نہیں کرسکے، معصوم لوگوں کا قتل عام اور متعدد رہنماوٴں کو جیل کی کال کوٹھری میں ڈال دیا گیا۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کے دوران جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سرگرم کارکنوں پر آنسو گیس کی گولہ باری کی اور لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے متعدد کو حراست میں لے لیا۔