بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کشمیری عوام کے سچے غمگسار اور بہی خواہ تھے‘بازل علی نقوی

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات، زراعت و لائیوسٹاک سیدبازل علی نقوی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کشمیری عوام کے سچے غمگسار اور بہی خواہ تھے آج کشمیری قائداعظم  کے فرمودات کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ بھارت نے کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق اور حق خودارادیت سے روکنے کیلئے اپنی آٹھ لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کررکھی ہے۔

لیکن ان تمام باتوں کے باوجود کشمیری ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا کہ قائداعظم بااصول ، سچے ، کھرے ، مخلص اور بے باک سیاست دان اور ماہر قانون تھے ۔

انہیں اپنے مذہب سے عقیدت، تاریخ سے واقفیت اور اپنی ملت سے افیت و محبت تھی وہ ہر قسم کی حرص وہوس اور ذاتی غرضیت و مفادات سے بالاتر تھے وہ ہر بات کہنے سے پہلے اس پر خوب غور وحوض کرتے اور جب کسی نتیجہ پر پہنچ کر کوئی بات کہتے تو اس پراٹل رہتے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہزار ہا مشکلات پیدا کیں رکاوٹوں کے پہاڑکھڑے کیے لیکن قائداعظم کی بلند ہمتی ، عزم و استقلالیت اور عظیم البرتبت شخصیت کے آگے ان کی ایک نہ چلی اور آخر کار وہ اپنے مشن میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم متحدہ ہندوستان کی سیاسی قیادت میں واحد شخصیت تھے جو اس امر سے بخوبی آگاہ تھے کہ صرف قانونی فہم و فراست اور قانونی بصیرت ہی کے ذریعہ سیاسی مخالفین کو قائل یا غیر موثر کیا جاسکتا ہے۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ قائداعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کا ہی خاصہ تھا کہ انہوں نے علحدہ وطن حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم جہاں ایک منجھے ہوئے سیاست دان تھے وہاں وہ ایک جمہوریت پسند بھی تھے ۔

وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا کہ بابائے قوم حضرت قائداعظمکے یوم پیدائش کے دن ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی جان اورمال پاکستان کے دفاع اور کشمیر کی آزادی کیلئے قربان کرنے سے ہرگز دریغ نہ کریں گے۔ہم اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہم کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کروا کر پاکستان کا حصہ نہ بنالیں-

متعلقہ عنوان :