سال 2014میں سرکل کامونکے میں ڈاکو راج قائم رہا

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:09

کامونکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) سال 2014میں سرکل کامونکے میں ڈاکو راج قائم رہا، چوری ، راہزنی ، ڈکیتی کی سینکڑوں وارداتوں میں شہری پونے سات کروڑ روپے نقدی ، موٹرسائیکلوں،کاروں ودیگرقیمتی سامان سے محروم ہوئے دوران واردات مزاحمت سے تین شہری زخمی جبکہ چارڈاکو شہری و پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ، تفصیل کے مطابق پولیس سرکل کامونکے کے چار تھانوں کی حدود میں 2014کے دوران تھانہ سٹی کی علاقہ میں ڈکیتی و راہزنی کی 46اور چوری کی 63واردتیں ،تھانہ صدر کے علاقہ میں ڈکیتی کی 81اور چوری و راہزنی کی 30،تھانہ ایمن آباد میں ڈکیتی کی 42اور چوری و نقب زنی کی 30جبکہ تھانہ واہنڈو میں 23ڈکیتی اور 12چوری کی وارداتیں ہوئیں، تھانہ سٹی کے علاقہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر تین شہری زخمی ، تھانہ صدر میں شہری کے ہاتھوں ایک ڈاکوہلاک جبکہ تھانہ واہنڈو میں شہریوں و پولیس کی مبینہ فائرنگ سے تین ڈاکو لقمہ اجل بنے ،پولیس سرکل کامونکے میں رجسٹرڈ ان وارداتوں میں شہری پونے سات کروڑ روپے کی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے ، اغواء برائے تاوان کی 2اور گینگ ریپ کی بھی تھانہ صدر اور ایمن آباد میں ایک ایک ایف آئی آر درج کی گئیں ،سرکل پولیس نے ان وارداتوں میں چھینے گئے پونے چار کروڑ روپے کا مال مسروقہ و نقدی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کررہی ہے ،علاوہ ازیں ڈکیتی اور چوری کی درجنوں وارداتیں ایسی بھی ہیں جن کی ایف آئی آر متاثرہ افراد نے پولیس کے دوران تفتیش اذیت ناک رویہ سے بچنے کیلئے درج نہ کروائی ہیں۔