انجمن طلباء اسلام جامعہ کشمیر کے انتخابات مکمل‘ سید حسیب گردیزی ناظم منتخب

جمعرات 25 دسمبر 2014 11:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)انجمن طلباء اسلام جامعہ کشمیر کے انتخابات مکمل سید حسیب گردیزی ناظم ِ جامعہ اویس احمد کیانی جنرل سیکرٹری منتخب۔فروغ ِ عشق رسول ﷺ کے مقدس مشن کو ہر طالب علم تک پہنچانے کا عزم۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر انجمن طلباء اسلام (جامعہ کشمیر) کا انتخابی اجلاس بدھ کے روز جامعہ کشمیر میں زیر صدارت جنرل سیکرٹری اے ٹی آئی کشمیر محمد حسنین مصطفائی منعقد ہوا ۔

جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کشمیر طاہر ضیاء نے الیکشن کمیشن کے فرائض سر انجام دیئے ۔انتخابی اجلاس میں انجمن طلباء اسلام کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔کثرت رائے سے سید حسیب گردیزی کو ناظم جبکہ اویس احمد کیانی کو جنرل سیکرٹری جامعہ منتخب کیا گیا۔نومنتخب ذمہ داران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاانجمن طلباء اسلام ہی واحد طلباء تنظیم ہے جو موجودہ دور میں طلباء کی صحیح سمت میں رہنمائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

عشق رسول ﷺ ہی وہ واحد نظریہ ہے جس امت مسلمہ متحد ہو کر عروج حاصل کر سکتی ہے ۔انجمن طلباء اسلام گزشتہ نصف صدی سے قریہ قریہ بستی بستی عشق مصطفی کی شمع فروزاں کرنے میں مصروف عمل ہے۔نو منتخب ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کے وہ انجمن طلباء اسلام کے آفاقی مشن کو جامعہ کے ہر طالب علم تک پہنچائیں گے اور اپنی صلاحیتوں کو عشق رسول ﷺ کے فروغ کے لئے بروئے کا ر لائیں گے۔انجمن طلباء اسلام کے انتخابی اجلاس میں سانحہ پشاور کی بھرپور مذمت اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔انتخابی اجلاس میں کارکنانِ انجمن حسان مصطفائی،ہمایوں طارق،عامر عزیز،اکمل گیلانی،شفقت حسین،ملک نعمان،کے علاوہ کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔