ایف پی سی سی آئی میں شخصی حکومت کے بجائے مشاورت کو بنیاد بنایا جائیگا،سینیٹرعبدالحسیب خان

بدھ 24 دسمبر 2014 23:25

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی رہنما اور سدرن زون کے چیئرمین سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں شخصی حکومت کے بجائے مشاورت کو بنیاد بنایا جائیگا، 29دسمبر کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سالانہ انتخابات میں ہوا اپنا رخ تبدیل کریگی اور اتفاق رائے کے ساتھ میرٹ پر نامزد یونائٹیڈ بزنس گروپ کے عہدیداران بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے،یکم جنوری2015سے فیڈریشن میں ایسی قیادت کا راج ہوگا جس کی بات حکومت کو سننی ہوگی ،فیڈریشن چیمبر کا وقار بلند کرنے کیلئے ہرشخص اپنا مثبت کردار ادا کرناہوگا۔

سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں غیر ضروری بیرونِ ممالک دوروں اور شاہ خرچیوں کو روکا جائے گاجبکہ فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی ہی یہ فیصلہ کرے گی کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے مالی معاملات کو کیسے قابو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ اپنے منشور پرعمل درآمد کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کردیگا ،فیڈریشن کی کارکردگی کوبہتربنانے اور بلاتفریق خدمات پیش کرنے کے لیے تاجر و صنعت کار دوستوں کے تعاون سے یونائیٹڈبزنس گروپ کا بہترین منشور تشکیل دیا ہے جس کے بعد صورتحال میں بہتری پیدا ہوجائیگی۔

انکا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی سے بادشاہت کو ختم کرنے کی جانب حتمی راؤنڈ ایک ہفتے کے بعد کھیلا جائے گا،فیڈریشن میں یونائیٹڈ بزنس گروپ نئی روایات کاآغاز کرنے جارہا ہے اور تاجربرادری کی خدمت سمیت انکو درپیش مسائل حل کرکے ایف پی سی سی آئی کاوقار بحال کرائیگا ۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ بطور سینیٹر ساڑھے5سال میں نے فیڈریشن کے عہدے داروں کو نہ تو پارلیمنٹ اورنہ حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کرتے دیکھا اور نہ ہی اس عرصہ میں انہوں نے مجھ سے کوئی رابطہ کیا کہ میں ان کے نمائندہ کی حیثیت سے ان کی آواز پارلیمنٹ میں اٹھا سکتا، حکومت سے انڈسٹری اور معیشت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا، اس تمام ترصورتِ حال سے پوری انڈسٹری اور فیڈریشن کے مستقبل کے نمائندے ایف پی سی سی آئی پر قابض افراد کی حقیقت سے واقف ہوچکے ہیں۔

عبدالحسیب خان نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی قیادت میں فیڈریشن کے29دسمبر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکربزنس کمیونٹی کیلئے30دسمبر کا سورج خوشیوں بھرا پیغام لائے گا اورایف پی سی سی آئی میں مخصوص چہرے کے بجائے صحیح معنوں میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کا راج ہوگا۔