پیپلزپارٹی کے کسی بھی پروگرام کیلئے جبری چندہ وصول کرناہمارا طریقہ کار نہیں ، اقبال چنہ

بدھ 24 دسمبر 2014 23:10

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چنہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کسی بھی پروگرام کیلئے جبری چندہ وصول کرناہمارا طریقہ کار ہرگز نہیں رہا ،اس طرز کے سسٹم متعارف کرانے والوں کو لوگ اچھی طرح جانتے ہیں لیکن اس کے باوجود اگر کورئی ورکرپیپلزپارٹی کی شہید چیئر پرسن اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے چندہ وصول کرنے جیسی منفی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف نہ صرف تنظیمی سطح پر کارروائی کی جائے گی بلکہ پیپلزپارٹی بھی ایسے عناصر کو خارج کرنے میں دیر نہیں لگائے گی ۔

بدھ کو سول اسپتال کراچی میں پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کے ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چنہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا کوئی بھی پروگرام ہو ہم نے ورکروں کو کبھی بھی چندہ وصولی کی ترغیب نہیں دی بلکہ ہر کارکن اپنے جیب خرچ سے پروگرام منعقد کرنے کو ترجیح دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 27دسمبر کو بے نظیر بھٹو شہید کی برسی میں شرکت کے لئے کارکنان پرعزم ہیں اور انہیں اس مقصد کے لئے میڈیکل اسٹورویا اسپتالوں کی ٹھکیداروں سے کسی قسم کی وصولی کی ضرورت نہیں پیپلزپارٹی کے جیالے بڑے سے بڑے پروگرام کو اپنی بسات کے مطابق منعقد کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپیرا میڈیکل اسٹاف کراچی ڈویژن کا نام استعمال کر کے وصولیوں میں ملوث پایا گیا تو پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے پر اسے سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا ۔