قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم پاکستان کی شان و عظمت کے لئے بے لوث خدمت ، بھرپور لگن اور حب الوطنی سے کام کریں،

وزیراعظم کا یوم پیدائش قائداعظم پر قوم کے نام پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم پاکستان کی شان و عظمت کے لئے بے لوث خدمت ، بھرپور لگن اور حب الوطنی سے کام کریں۔یوم پیدائش قائداعظم پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے (آج) منائے جانے والے 137ویں یوم پیدائش پر پوری قوم کے جذبات اور احساسات کے ساتھ شامل ہوں اور اس دن کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاکستانی قوم کے عظیم مشن کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں جو انہوں نے ملک کی بھرپور بے لوث خدمت کیلئے خود کو وقف کے حوالہ سے ہمیں سونپا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح عالمی منظر نامے پر روشن اور درخشاں اپنی ہم عصر شخصیات سے بھی زیادہ نایاب شخصیت تھے۔ جو قومی خدمت کے جذبہ سے سرشار تھے اور وہ اپنے غیر معمولی اوصاف کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کیلئے وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے نہ صرف ہمیں آزادی دلائی بلکہ انہوں نے پاکستان کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل بھی دیا۔

وہ پاکستانیوں کو بطور لبرل جمہوریت پسند کے طور پر خوشحال بنانا چاہتے تھے ۔ وہ عوام کی امنگوں پر مبنی نظام کے حامی تھے جو ہمارے نمائندہ اداروں میں موجود ہے۔ انہوں نے عوام کی جمہوری مرضی پر اعتماد کیا اور اسے دانشمندانہ قرار دیا۔ وہ مقاصد کے حصول کیلئے نظم و ضبط پر یقین رکھتے تھے اور انہوں نے متحدہ، قومی اتفاق رائے سے کام کی ضرورت پر زور دیا۔

وہ آئین کی سربلندی کا زندگی بھر پرچار کرتے رہے اور اسی سلسلہ میں انہوں نے قانون کی حکمرانی پر کاربند رہنے پر مسلسل زور دیا۔ قائداعظم پاکستان کو برابری کی بنیاد پر مواقع کی فراہمی کرنے والا ایسا ملک بنانا چاہتے تھے جس کے شہریوں کو عقیدہ اور ذات پات سے قطع نظر برابری کی بنیاد پر ترقی کے مواقع ملیں۔ میں اس پرمسرت دن پر پاکستانی قوم پر زور دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کو مضبوط، خوشحال ملک بنانے کیلئے پوری دلجمعی سے انتھک کام کریں۔ قائداعظم کی یاد میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم پاکستان کی شان و عظمت کے لئے بے لوث خدمت ، بھرپور لگن اور حب الوطنی سے کام کریں۔

متعلقہ عنوان :