ملک کی ترقی اور خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قیام پاکستا ن کے وقت والا جذبہ اپنانا ہوگا ،اعجاز چوہدری

بدھ 24 دسمبر 2014 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد جناح کے 138 ویں یوم پیدائش کے موقع پر قوم کے نام اپنے جاری کردہ پیغام میں کہاہے کہ پوری قوم ملک کی ترقی اور خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وہی جذبہ اپنانا ہوگا جوقائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستا ن کے وقت اپنایا تھا، اگر ہم سب ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر سیاست کریں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر ہم سب اپنی ذات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیں تو کامیابی پاکستان کا مقدر ہوگی، یہی اعلیٰ مثال قومی مفادات کے پیش نظر عمران خان نے دھرنا ختم کر کے قائم کی ہے ، انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا خاتمہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے، تحریک انصاف بھی قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک میں سیاست کر رہی ہے اور ہم ملک میں حقیقی معنوں میں جمہوریت اور عوامی حکمرانی لانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے تصورات پر عمل پیرا ہو کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں ،اچھی حکمرانی ، بہترین گڈگورننس سے ہی قائم کی جا سکتی ہے ،قومی اتحاد ایٹم بم سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے، انشاء اللہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنا کر دم لے گی۔