کراچی ،نجی ایئر لائن دبئی سے آنیوالے مسافروں کو ان کا سامان4دن گزرنے کے باوجود فراہم نہیں کر سکی

بدھ 24 دسمبر 2014 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) نجی ایئر لائن دبئی سے کراچی آنیوالے مسافروں کو ان کا سامان4دن گزر جانے کے باوجود فراہم نہیں کر سکی،متعدد مسافر اب تک سامان کے حصول کے لئے ایئر پورٹ کے چکر لگانے پر مجبور ہیں جبکہ پریشانی سے دوچار مسافروں نے بدھ کی شام کراچی ائیر پورٹ پر نجی ایر ئن انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا ۔تفصیلات کے مطابق21دسمبر سے اب تک دبئی سے کراچی آنیوالی ایئر بلو کی پروازیں مسافروں کو کراچی لیکر تو آ رہی ہے لیکن مسافروں کا سامان لانے سے قاصر دکھائی دے رہی ہے اور ان کا سامان ساتھ نہ لانے کی کوئی خاص وجوہات بھی نہیں بتائی جا رہی جبکہ دبئی سے کراچی ایئر پورٹ آنے کے بعدملک کے دیگر شہروں کو جانیوالے مسافر اپنے سامان کی خاطر کراچی میں قیام کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں 22دسمبر کو ایئر بلو کی پروازPA119کے ذریعے دبئی سے کراچی آنیوالے ایک مسافر کاشف الرحمن نے بتایا کہ ایئر بلو کی پرواز نے دبئی کے وقت کے مطابق 1بجکر45منٹ پر کراچی کے لئے اڑان بھری لیکن تقریبا200مسافروں کو لانے والی اس پروازمیں مسافروں کا سامان ساتھ نہیں لایا گیا کسی ردعمل سے بچنے کے لئے مسافروں کو آخری وقت میں بتایا گیا کہ ان کا سامان اس پرواز کے ساتھ نہیں جا سکے گا۔

ایئر بلوکی پروازPA119کے ذریعے سامان ساتھ نہ لانے پر ائیر لائن انتظامیہ کے خلاف مسافروں کا احتجاجا زور پکڑتا جا رہا ہے،بدھ کو 8سے10مسافروں نے سامان فراہم نہ کرنے پر ایئر بلو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا لیکن ان کے احتجاجا کو خاطر میں نہیں لایا گیا،احتجاج کرنے والوں میں21دسمبر سے23دسمبر تک سفر کرنے والے مسافر شامل تھے ۔مسافروں کے مطابق جب ایئر لائن انتظامیہ کے کاؤنٹر سے معلومات حاصل کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کا سامان لاہور تک پہنچ گیا ہے اور ایمریٹس ایئر لائن کے ذریعے جمعہ تک کراچی پہنچ جائے گا ساتھ ہی مسافروں کو اس تاخیر کی یہ وجہ خراب موسم بھی بتائی جا رہی ہے ۔

ایئرپورٹ کاؤنٹر پر موجود ایئر بلو کے عملے راغب احسن اور ذیشان کے مطابق دبئی سے کراچی آنیوالی پرواز میں مسافروں اور فیول کو اٹھانے کے بعد گنجائش باقی نہیں بچی تھی جس کی وجہ سے جہاز کے اوور لوڈ ہونے کا خطرہ تھا اسی لئے سامان کو چھوڑنا پڑا ۔مسافروں نے مطالبہ کیا کہ ان کا سامان ہنگامی فلائنٹس کے ذریعے فوری کراچی پہنچا جائے ۔انہوں نے ایئر بلو کی ناقص کارکردگی کا بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ عنوان :