صوبائی مشیر اصغر علی جونیجو نے وزیراعلیٰ ہاؤس شکایتی سیل میں ٹیلیفون کے ذریعے شکایتیں سنیں

بدھ 24 دسمبر 2014 20:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے لیبر اصغر علی جونیجو نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے شکایتی سیل میں بدھ کے دن دوپہر 1بجے سے شام 5بجے تک عوام کے مسائل سنے اور انکے فوری تدراک کے لئے ہدایت جاری کیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کورنگی ایسوسیشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے صدر نے شکایت کی کہ کورنگی میں واقع جام صادق پل کی حالت خراب ہوچکی ہے جسکی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اس لئے پل کی فوری مرمت کرائی جائے جس کے بعد صوبائی مشیر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی سے رابطہ کرکے انہیں ہدایت کی کہ جام صادق پل کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ عوام کو تکلف سے نجات مل سکے۔

اسکے علاوہ مجموعی طور پر پولیس ، سوئی گیس ، صفائی ستھرائی ، محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت، کے ایم سی ا ور کے الیکٹرک کے بارے میں شکایتیں آئی جن کے فوری حل کے لئے صوبائی مشیر برائے لیبر اصغر علی جونیجو نے موقع پر ہی ہدایتیں جاری کیں۔