وزیراعلی خیبرپختونخوا کا مسیحی برادری کو کرسمس کے پر مسرت موقع پر دلی مبارکبا د،

حکومت اور صوبے کے عوام ان کی خوشیوں میں یکساں طور پر شریک ہیں،پرویزخٹک

بدھ 24 دسمبر 2014 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مسیحی برادری کو کرسمس کے پر مسرت موقع پر دلی مبارکبا دی ہے اور یقین دلایا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت اور صوبے کے عوام ان کی خوشیوں میں یکساں طور پر شریک ہیں کرسمس کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں ہمارے معاشرے کا اہم ترین جزو بن چکے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود ریاست کا اولین فرض ہے قومی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار نمایاں ہے ہمارا آئین اقلیتوں کے حقوق،مذہبی عبادات کی آزادی اور مساویانہ سلوک کی ضمانت دیتا ہے خیبر پختونخوا میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی اور سماجی آزادی حاصل ہے وزیر اعلیٰ نے پورے ملک بالخصوص خیبر پختونخوا کی مسیحی برادری کو صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کی طرف سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے یاد دلایا کہ اسلام سماجی انصاف، انسانی حقوق اور اقلیتوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کاداعی ہے پاکستان کی اقلیتیں ہمارے لئے ہر لحاظ سے معتبر ہیں ہم ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات کے بھی معترف ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کی منتخب حکومت انہیں حاصل حقوق اور مراعات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے کوٹے میں اضافہ ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی عزم کا عکاس ہے وزیر اعلیٰ نے ملک کی ترقی و خوشحالی بالخصوص صحت و تعلیم کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات اور بے مثال حب الوطنی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔