نوجوان ہمارا مستقبل ہیں،حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کریں گے،ہاشم بابر،

صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث صوبہ میں احساس محرومی بڑھ رہاہے،خیبر پختونخوا کے عوام ہوشربا مہنگائی ، بیروزگاری،پسماندگی،توانائی بحران،امن امان کی غیر یقینی صورتحال ،ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری کی بڑھتی وارداتوں سے عاجز آگئے ہیں، رہنماء قومی وطن پارٹی

بدھ 24 دسمبر 2014 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہے اور ان کے بہتر مستقبل اورحقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کریں گے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار گاؤں مھترہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے طلباء تنظیموں کے عہدیداروں فرھان علی،محمد اعزاز،محمودعلی،منیب خان،علی خان،حسین،محمد کریم،صدام،زین خان اور عمیر نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ہاشم بابر نے پارٹی شمولیت کرنے والے طلباء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مل کر پختون خطہ کو امن اور خوشحالی کا گہوارابنانے کیلئے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے 16دسمبر کے واقعہ کے حوالے سے کہا کہ اس انسانیت سوز واقعہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور پوری قوم رنجیدہ ہے۔انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ میں احساس محرومی بڑھتا جارہا ہے۔

خیبر پختونخوا کے عوام ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری،پسماندگی،توانائی بحران،امن امان کی غیر یقینی صورتحال ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے عاجز آگئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی تقریباًدوسالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور عوام کو دکھانے کیلئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں جبکہ صوبہ کے عوام اور باالخصوص پختونوں نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا۔

انھوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی بحالی و دیکھ بھال ہماری مشترکہ ذمہ داری ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں مرکزی و صوبائی حکومتیں مل کر بے گھر ہونے والے افراد کو سہولیات کی فراہمی اورامداد کیلئے اقدامات اٹھائیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے آئی ڈی پیز کے مسئلہ کو ہر فورم پر اٹھایا ہے اور ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کسی سے پیچھے نہیں رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور صوبہ اور پختونوں کی ترقی و خوشحالی اور امن کا قیام ہے اور اس مقصد کے حصول تک ہماری جدوجہد جا ری رہے گی۔