جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسی کمیٹی کادورہ باچاخان مرکز،اے این پی قیادت سے ملاقات ،

اسفندیار ولی خان کوسانحہ پشاور کے حوالے سے شہداء امن کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا

بدھ 24 دسمبر 2014 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسی کمیٹی بحراللہ خان ایڈوکیت کی قیادت میں جماعت اسلامی کا ایک اعلٰی سطحی وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر باچا خان مرکز کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی کے سابق وزراء حافظ حشمت خان، کاشف اعظم چشتی شامل تھے۔وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین ، سابق صوبائی وزیر و صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک ، سابق ایم این اے بشریٰ گوہر، جمیلہ گیلانی اور شگفتہ ملک سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی جانب سے ANPکے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کوسانحہ پشاور کے حوالے سے" شہداء امن کانفرنس "میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسی کمیٹی بحراللہ خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ یکم جنوری 2015کے شہداء امن کانفرنس میں شرکت کی تمام سیاسی جماعتوں کے سرگردہ رہنماؤں کو دعوت دی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور پاکستان کا 9/11ہے اور پوری قوم کبھی بھی اس کو بھول نہیں سکے گی۔

ANPکے صوبائی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے اس موقع پر کہا کہ جماعت اسلامی کا شہداء امن کانفرنس ایک اہم اقدام ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ جماعت اسلامی نے اس میں پہل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ اس سے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ہم دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کو متحدہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہداء امن کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ اسفند یار ولی خان کے نام ہے ان کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا وفد کل جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی مرکز کا دورہ کریگی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کا دعوت نامہ انکے صوبائی رہنماؤں کے حوالے کریگا۔