قائد اعظم کے سنہرے اصول بروئے کار لا کر اپنی مٹی کو دہشت گردی و جرائم سے پاک کرسکتے ہیں،پرویزخٹک،

سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر ہم بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضاء پیدا کریں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 24 دسمبر 2014 19:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے جو سنہری اصول اپنانے کی تلقین کی ہے انہیں بروئے کار لا کر ہم اپنی مٹی کو دہشت گردی و جرائم سے پاک جبکہ امن ، انسانیت اور مذہب کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا سکتے ہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کے عوام تسلی رکھیں ان کی منتخب حکومت جاگ رہی ہے اورتبدیلی کے مشن کے ساتھ ان کی توقعات کی تکمیل کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ قیام امن اور عوام کی جان و مال کا تحفظ وفاقی اور صوبائی حکومت کا آئینی ، اخلاقی اور قومی فر یضہ ہے پرویز خٹک نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر ہم بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضاء پیدا کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز کو باوقار قوموں کی صف میں لاکھڑا کریں انہوں نے کہا کہ خطے میں ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمارا ملک اور صوبہ مشکل صورتحال سے دو چارہے اگرچہ صوبائی حکومت خطے میں پائیدار امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے مگر پائیدار امن تب ممکن ہے جب ملکی سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ اور خارجہ پالیسی کو قومی امنگوں سے ہم آہنگ کیا جائے انہوں نے اعتراف کیا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود آج صوبے کے عوام کو بد امنی اور سماجی جرائم کے واقعات اور مشکلات کا سامنا ہے جسکی ایک بڑی وجہ لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین ہیں جو نہ صرف جرائم میں سہولت کا رہیں بلکہ صوبے کی معیشت پر ایک بہت بڑا بوجھ بن چکے ہیں ہماری کوشش ہے کہ غیر قانونی مہاجرین کو فوری واپس بھیجا جائے جبکہ قانونی افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا بندوبست بھی کیا جائے اسی طرح فاٹا سے ملحقہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں وزیراعلیٰ نے مزید یقین دلایا کہ حکومت قیام امن کے ساتھ ساتھ سرکاری مشینری کو کرپشن سے پاک کرنے اور اقتصادی، تعلیمی، سماجی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں خوشگوار تبدیلیاں لانے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں رہے گی البتہ عوام سے اپیل ہے کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ قائداعظم کے وژن کے عین مطابق ملک کو حقیقی معنوں میں ایک پرامن فلاحی اور ترقیافتہ ملک بنایا جا سکے

متعلقہ عنوان :