وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی اہلیہ عامرہ خٹک کی سانحہ آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل طاہر ہ قاضی کے گھر آمد،

ننھے بچوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے بچانے کیلئے سرتوڑ کوششوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت

بدھ 24 دسمبر 2014 19:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی اہلیہ مسزعامرہ خٹک دہشت گردی کے شکار آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل طاہر ہ قاضی کے گھر گئیں اور انکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ننھے بچوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے بچانے کیلئے سرتوڑ کوششوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا خیبرپختونخوا آفیسرز ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر بیگم محمد خالد عمرزئی، جائنٹ سیکرٹری مسز کلثوم زبیر احمد خان اور دیگر خواتین عہدیدار بھی انکے ہمراہ تھیں عامرہ خٹک کافی دیر وہاں رہیں اور شہید پرنسپل کی بیٹی اور دیگر اہل خاندان کی ہر طرح دلجوئی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ گاہے بگاہے انکی خیریت معلوم کرتی رہیں گی انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو غم کے سمندر میں ڈبو دیا ہے اور پوری مہذب دنیا کا ضمیر جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے سکول کے ننھے بچوں کو پھول اور فرشتے کی نظر سے دیکھا جاتا ہے مگر دہشت گردوں نے معصوم بچوں اور انکے اساتذہ کو گولیوں سے بھون کر درندگی کی انتہاء کر دی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ سکولوں کے تحفظ نیز بچوں اور اساتذہ کو پرامن اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت کی سطح پر موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ خواتین ایسوسی ایشن کی سطح پر بھی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔