گورنر سندھ سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات ،کرکٹ کے فروغ بارے تبادلہ خیال،

لاہور واقعے سے قومی کرکٹ کو نقصان پہنچا، حکومتی اقدامات سے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں، کئی ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے کا عندیہ دیا ہے، شہریار خان ، کرکٹ کے فروغ کیلئے کرکٹ بورڈ سے مکمل تعاون کرینگے، پاکستان میں انٹرنیشنل میچز انتہائی ناگزیر ہیں، کینیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کو فول پروف سیکیوٹری فراہم کرینگے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 24 دسمبر 2014 19:09

گورنر سندھ سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات ،کرکٹ کے فروغ بارے تبادلہ خیال،

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے منگل کے روز گورنر ہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات کی ۔ چیئرمین شہر یار خان نے گورنر سندھ سے کرکٹ کے فروغ اور انٹر نیشنل کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کے دوران فول پروف سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ۔چیئرمین نے کہا کہ لاہور کے واقعے سے قومی کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا تاہم حکومت کے اقدامات سے ایک بار انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں کئی انٹر نیشنل کرکٹ ٹیموں نے پاکستان میں میچز کھیلنے کا عندیہ دیا ہے، حال ہی میں کینیا کی کرکٹ ٹیم بھی اپنا دورہ مکمل کرچکی ہے ،پاکستان کرکٹ بورڈ بہت جلد پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ میچز کے لئے عالمی ٹیموں کو مدعو کرے گا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے پی سی بی کے چیئرمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ کرکٹ کے فروغ کے لئے حکومت کرکٹ بورڈ سے مکمل تعاون جاری رکھے گی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ میچز انتہائی نا گزیر ہیں کینیا ٹیم کا دورہ پاکستان خو ش آئند ہے حکومت انٹر نیشنل کرکٹ ٹیموں کو دورہ پاکستان کے دورا ن فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کھیل جنون کی حد تک دیکھا جاتا ہے صوبہ سندھ با الخصوص کراچی سے کئی کھلاڑیوں نے دنیا کرکٹ پر اپنا لو ہا منوایا ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے اور شہر میں اس کھیل کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ انٹر نیشنل ٹورنامنٹ کروائے جائیں اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا بھرپور کردار ادا کرے حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔