وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ایل پی جی ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،

صارفین کے وسیع تر مفاد میں ایل پی جی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے‘وفد کی یقین دہانی

بدھ 24 دسمبر 2014 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان نے وزارت پٹرولیم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کے وسیع تر مفاد میں ایل پی جی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ یقین دہانی ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں کرائی، وفد کی سربراہی ایسوسی ایشن کے چیئرمین فاروق افتخار کررہے تھے جبکہ دیگر ممبران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

فاروق افتخار نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے مارکیٹنگ کمپنیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ایل پی جی کی طلب اور رسد کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گیس کی قلت پیدا ہوئی ہے لیکن ایسوسی ایشن قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، ایسوسی ایشن کے کچھ ممبران ایل پی جی درآمد بھی کررہے ہیں اور توقع ہے کہ ایک ہفتے کے اندر وافر ایل پی جی صارفین کو میسر ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کی تشہیر بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کی جانب سے بلیک مارکیٹنگ اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے حکومت کو سخت قواعد و ضوابط تشکیل دینا ہونگے۔ فاروق افتخار نے کہا کہ ایسوسی ایشن وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کے لیے تشویشناک ہے کیونکہ موجودہ حکومت عوام کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے قیمتوں میں کمی کے لیے ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔