بابائے قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ رہنماء اصولوں پر عمل کرنا ہے، ڈاکٹر عشرف العباد،

تاریخ شاہد ہے دنیا میں وہی قومیں سربلند رہیں جو اپنے اسلاف کے کارناموں کو رہنماء رکھتے ہوئے منزل کی طرف گامزن رہیں،گورنرسندھ کا قائد اعظم، کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) آج کا دن ہمارے لئے انتہائی اہم ہے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے رہنماء اصولوں تنظیم ، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہے اور یہی وہ اصول ہیں جن کے ذریعے ہم ملک کو مستحکم ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔ تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں وہی قومیں سربلند رہی ہیں جو اپنے اسلاف کے کارناموں کو رہنماء رکھتے ہوئے منزل کی طرف گامزن رہیں۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی حیات و خدمات کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح نظر آتی ہے کہ آپ اپنی زندگی میں روز اول سے ہی ہر قسم کے ظلم ، ناانصافی ، تشدد اور دہشت گردی کے خلاف رہے۔ آپ نے ہر پلیٹ فارم سے نہ صرف برصغیر کی بلکہ بین الاقوامی حدود میں ہونے والی ناانصافیوں، ظلم اور دہشت گردی کی کھلے الفاظ میں مذمت کی اور ان کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ۔

(جاری ہے)

تحریک پاکستان کے دوران بھی اور قیام پاکستان کے بعد بھی آپ نے تشدد کی سیاست سے بیزاری کا اظہار کیا اور باربار عوام کو قانون کی پاسداری کا درس دیا کیونکہ آپ کو یقین تھا کہ قانون کی پاسداری اور بالادستی میں ہی انصاف کے حصول کا ایک پرامن راستہ ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو عوام کے درمیان فروغ دینے پر زور دیا ۔

آپ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ اگر کسی قوم کے سامنے اس کے اجتماعی مقاصد واضح ہوں تو وہ پھر ذاتی یا انفرادی مفادات سے منہ موڑ کر صرف اور صرف قومی اور اجتماعی حوالوں سے غور وفکر کرتی ہے کیوں کہ قوم و ملک کی ترقی اور خوشحالی کا واحد اصول اتحاد اور وحدت میں مضمر ہے۔آیئے آج ہم یہ عہد کریں کہ اسلام کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر قوم کا وقار بلند کرنے کے لئے کسی بھی مرحلہ پر قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ اور بانی ء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق آگے بڑھیں گے اسی میں ہماری اور ہمارے ملک کی ترقی ہے۔

متعلقہ عنوان :