اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت(68)یوم تاسیس کنونشن کا انعقا د، ہزاروں کارکنان کی شرکت،

مریکہ اور یورپ نے صلیبی جنگ کا آغاز کیا ہوا ، امت مسلمہ کو اپنی صفو ں میں اتحا د پیدا کر نا ہو گا ،سید منور حسن، اسلامی جمعیت طلبہ صرف طلباء کے اندر ہی مقبول نہیں ہے بلکہ پورے معاشرے میں پہچانی جاتی ہے،یوم تاسیس کنونشن سے خطا ب

بدھ 24 دسمبر 2014 18:33

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت اڑسٹھواں(68)یوم تاسیس کنونشن داؤد یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ جس میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ یوم تاسیس کنونشن کے مہمانان میں سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید منور حسن، ناظم حلقہ احباب جمعیت کراچی ڈاکٹر واسع شاکراور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ محمد بلال شریک ہوئے۔

اس موقع پر سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے جمعیت نے اپنے 67سال پورے کئے اور 68واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ صرف طلباء کے اندر ہی مقبول نہیں ہے بلکہ پورے معاشرے میں پہچانی جاتی ہے۔ پچھلے چند سالوں سے امریکہ اور یورپ نے صلیبی جنگ کا آغاز کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ دنیا کا امام بن کر فیصلے کرتا ہے۔ یورپ ایک تہذیب کا نام ہے۔

پورا یورپ مسلمانوں پر چڑھ دوڑا ہے،اسلامی تحریکیں ان کا مقابلہ کرتی ہیں۔مسلمان ممالک کو پروپیگنڈہ کرکے نشانہ بنایا گیا۔ صدر بش نے صدی کا سب سے بڑا جھوٹ بولاکہ عراق میں مہلک و کیمیائی ہتھیار ہیں یہ کہ کر خون میں نہلا دیا گیا۔یورپ میں آپ کے خاکے بنائے گئے یہ مغربی دہشت گردی ہے۔ مغربی تہذیب ختم ہونے والی ہے اس لئے اس طرح کی دہشت کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی تحریکوں کو ختم نہیں کیا گیا تو انہیں تشدد کی طرف لایا جاتا ہے۔ مصر میں اخوان المسلمون کی جمہوری حکومت کو ختم کرکے جنرل سیسی کو اقتدار میں لایا گیا جس نے اخوان کا ہزاروں کارکنان کو قتل کردیا اور لاکھوں کارکنان کو گرفتار کرلیا پھر بھی اخوان نے تشدد سے گریز کیا اور پر امن تحریک چلارہے ہیں۔ 12سال ہو گئے ہیں مگر امریکی اور نیٹو افواج افغانستان سے نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکی ۔

بڑے پیمانے پر دعوت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ زندگی دوسرے لوگوں کے کام آنے کا نام ہے۔ڈاکٹر واسع شاکرنے کہاکہ جمعیت نے معاشرے کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو اسلای تعلیمات سے آشنا کرکے ایک عظیم مقصد سے جوڑ دیا ہے ۔ جمعیت کے تربیت یافتہ افراد معاشرے کی اصلاح کے لئے ہر شعبے میں موجود ہیں،زندگی کے ہر شعبہ میں جمعیت کی بھٹی سے کندن بننے والے نوجوان اسلامی نظریات کا تحفظ کررہے ہیں ،جو اس اجتماعیت کا صدقہ جاریہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نظریات کے تحفظ کے لئے آپ نوجوانوں کو تعلیم اپنا ہتھیار بناناہوگا، آج ملک کو بچانے کے لئے تعلیم یافتہ اور مضبوط نظریات کے حامل نوجوان واحد سہاراہیں،آپ سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے جس کے لئے جمعیت کے نوجوان یہ اہم فریضہ انجام دینے کے لئے میدان عمل میں موجود ہیں ۔یومِ تاسیس کے موقع پر آپ کو یہ عزم کرنا ہوگاکہ اللہ کے دین کی سربلندی کے لئے ہر وقت تیار رہیں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،یہی جدوجہد مقصد حیات اور اسی میں کامیابی ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے 67 برس جدوجہد،عزیمت اور قربانیوں کی سنہری داستان ہیں ،جمعیت نے پاکستان میں اسلامی نظریات کے تحفظ اور اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کی ناقابل یقین تاریخ رقم کی ہے ،21ویں صدی کے اندر بظاہر روشن خیالی کو بنیاد بناکرپورے ملک میں اسلامی نظریات کوتبدیل کرنے کی سازش ہورہی ہے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے لئے موجودہ پرفتن دور میں اپنی جدوجہدکو جاری رکھنا ایک چیلنج ہے۔

اگر آپ اسوہ حسنہ پر عمل کریں گے تو زندگی تبدیل ہوجائے گی۔ ساری زندگی آپ کی پیروی کرنا ہے اور اس مشن کو پوری دنیا میں پھیلانا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم حافظ محمد بلال نے اپنے خطاب میں کہاکہ جمعیت ملک کے نوجوانوں کے لئے شجر سایہ دار کی مانند ہے ،معاشرے کی گھٹاٹوپ تاریکی میں اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کے دلوں کو اسلام کی روشنی سے منور کررہی ہے ،68واں یومِ تاسیس شہداء کے تذکرے اورعزم وقوت کو جلابخشنے کادن ہے ،آج کے دن ہم پاکستان کی سا لمیت اوراسلامی شناخت کے تحفظ کے لئے جان کی بازی لگانے کاعزم کرتے ہیں،ہم کسی صورت ملک کے تعلیمی اداروں میں سیکولر نظریات پروان چڑھنے نہیں دیں گے۔

آج کے دن ہمیں یہ تجدید عہد وفا کرنا ہے کہ ہم پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لئے ہر آزمائش کامقابلہ خندہ پیشانی سے کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پرنمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طالبعلموں کو خرم جاہ مراد ایوارڈسے نوازا گیا۔